بھٹکل 15 مئی (ایس او نیوز) شرالی نیشنل ہائی وے پر بھٹکل سے ہوناور جانے کے دوران پولس جیپ کی زد میں آکر راہ چلتی خاتون کی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت بھٹکل ہنو کالونی کی رہنے والی وجیا ہوناورکر (69) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بھٹکل کے بیلکے میں ایک سوسائٹی (بینک) کا افتتاح کرنے کے بعد لیبر منسٹر شیورام ہیباردوپہر قریب ایک بجے ہوناور جانے کے لئے نکلے تھے، ان کی حفاظت پر مامور بھٹکل مضافاتی پولس کی جیپ جب سائرن بجاتی ہوئی شرالی نیشنل ہائی وے سے گذررہی تھی تو ایک عمر رسیدہ خاتون سڑک کو پار کرنے کے دوران جیپ کی زد میں آگئی۔
حادثے میں راہ گیر وجیا شدید زخمی ہوگئی اور اسے بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا، حالت تشویشناک ہونے کی بنا پر اسے فوری طور پر اُڈپی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہاں پہنچنے تک اس کی موت واقع ہوگئی۔